نئی دہلی،05/جنوری (آئی این ایس انڈیا) کورونا ویکسین کی آمد سے تھوڑی راحت ملنے کے آثار کے درمیان اب ایک نیا بحران نظرآرہا ہے۔
برڈ فلو ملک کی کئی ریاستوں میں پھیل گیا ہے۔ راجستھان، مدھیہ پردیش، ہماچل اور کیرالہ تک برڈ فلو کا خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جس کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومتوں نے الرٹ جاری کردیا ہے۔ کیرالہ نے اسے ریاستی آفات قرار دیا ہے۔ 23 دسمبر سے 3 جنوری تک مدھیہ پردیش میں 376 کوؤں کی موت چکی ہے۔
ان میں سے سب سے زیادہ 142 اموات اندور میں ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ مندسور میں 100، آگر۔مالوا میں 112، ضلع کھرگون میں 13، سہور میں 9 کوؤں کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے۔
وزیر برائے جانوروں پریم سنگھ پٹیل نے کہا کہ کوؤں کے نمونے بھوپال کے ریاستی ڈی آئی لیب بھیج دیئے گئے ہیں۔ اندور اور مندسور سے بھیجے گئے نمونوں میں برڈ فلو کی تصدیق ہوگئی ہے۔برڈ فلو کی تصدیق کے بعد محکمہ جانوروں کے عہدیداروں کو ہدایات دی گئیں ہیں کہ گرچہ ابھی تک پولٹری پرندوں میں کوئی علامت نظر نہیں آئی ہو تاہم پولٹری اور پولٹری پروڈکٹ مارکیٹ، فارمز اور نقل مکانی کرنے والے پرندوں پر خصوصی نگرانی رکھی جانی چاہئے۔
ہماچل پردیش کے کانگڑا میں پونگ ڈیم جھیل میں ہلاک ہونے والے ہزاروں پرندوں کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ برڈ فلو سے ہی ان پرندوں کی موت ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ مرنے والے پرندوں کے نمونے بھوپال کی ایک لیب میں بھیجے گئے تھے، جن کی رپورٹ میں برڈ فلو کی تصدیق ہوئی ہے۔ برڈ فلو کی نشاندہی پر انتظامیہ نے ڈیم کے قریب گوشت اور انڈوں کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔